![]() |
| Lubna Shah (PhD Scholar) |
شریعت محمدیﷺنےہمیں دوسروں کو نقصان پہنچانے سےسختی کے ساتھ منع کیا ہے۔رسول اللہ ﷺ کا ارشاد
ہے : کامل مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرا مسلمان محفوظ رہے
اورکامل مؤمن وہ ہے جس سے لوگوں کا خون اور جان محفوظ ہو[1] ۔
ایک اور روایت میں سیدنا عبداللہ بن عمرؓ فرماتےہیں کہ
میں نے رسول اللہ ﷺکو دیکھا کہ کعبہ کا طواف کرتے ہوئے فرمارہے ہیں:تو کیا عمدہ
ہےاور تیری خوشبو کس قدر اچھی ہے،تو کتنی عظمت کا خاوند اور تیری حرمت کتنی عظیم
ہے،اس ذات کی قسم جس کے قبضہ میں میری جان ہے،مؤمن کی حرمت اور اس کےمال وجان کی
حرمت اللہ تعالیٰ کےنزدیک تیری حرمت سےبڑھ کرہے[2]۔اس لئےدوسروں کی جان ومال
کی حفاظت ہر مسلمان کےذمے لازم ہے۔لہذا ٹریفک قوانین کی پاسداری اور پابندی اپنی
اور دوسروں کی جان و مال کی حفاظت کی ضامن
ہے۔
پولیس ڈرائیونگ سکول مردان کا تعارف:
پولیس ڈرائیونگ سکول مردان صوبہ خیبر پختونخوا کا ایک
اہم اور قابلِ فخر ادارہ ہے جو شہریوں میں محفوظ اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے فروغ
کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔اس کا قیام اگست2017کو عمل میں آیا۔ اس ادارے کا
بنیادی مقصد ٹریفک قوانین سے آگاہی، عملی ڈرائیونگ کی تربیت اور سڑکوں پر حادثات
میں کمی لانا ہے کیوں کہ مردان ایک گنجان آباد علاقہ ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر
ٹریفک کے مختلف مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور گاڑیوں کی تعداد میں
اضافے کے باعث ٹریفک جام، حادثات اور بے ترتیبی عام ہو چکی ہے۔ ایسے حالات میں یہ
ادارہ ان مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ شہریوں کو ٹریفک قوانین
کی تعلیم، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کی تربیت اور عملی مہارت فراہم کر کے سڑکوں پر نظم
و ضبط کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اسی مؤثر کردار کی بدولت ٹریفک مسائل میں کمی اور
شہریوں کے تحفظ کو فروغ مل رہا ہے۔
مخلص اور تربیت یافتہ عملہ:
پولیس ڈرائیونگ سکول مردان میں نوجوانوں کو جدید اور منظم طریقے
سے تربیت دی جاتی ہے۔ یہاں تجربہ کار پولیس اہلکار اور تربیت یافتہ میل فیمیل انسٹرکٹرز موجود ہیں جو ڈرائیونگ کے اصول
و ضوابط سکھاتے ہیں۔یہ اہل کار نہایت خوش
اخلاق اور اپنے کام کے ساتھ مخلص دکھائی
دیتے ہیں۔ تربیت کے دوران طلبہ کو ٹریفک اشاروں، سڑک کے
قوانین، گاڑی کے بنیادی پرزہ جات اور ہنگامی صورتحال میں درست ردِعمل کے بارے میں
مکمل رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔
روزگار کا حصول:
اس سکول کی ایک اہم خدمت یہ ہے کہ یہاں ڈرائیونگ لائسنس
کے حصول کے لیے عملی امتحان کی تیاری کرائی جاتی ہے۔ اس سے نہ صرف اہل اور ذمہ دار
ڈرائیورز سامنے آتے ہیں بلکہ غیر تربیت یافتہ افراد کی وجہ سے ہونے والے حادثات
میں بھی واضح کمی آتی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ایسے نوجوان جو دوسرے ممالک میں نوکری کا حصول چاہتے
ہیں ان کے لئے یہ ادارہ اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہاں تربیت حاصل کرنے کے بعد با آسانی اپنے
ملک میں سرکاری وغیر سرکاری یا بیرون ملک روزگار
حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
تدریجی / مرحلہ
وار تربیتی نظام:
یہاں سب سے پہلے
تھیوری کلاسز ہوتی ہیں جن میں ٹریفک قوانین، سڑک کے اشارے اور ڈرائیونگ کے بنیادی
اصول تفصیل سے سکھائے جاتے ہیں۔ پھر گاڑیوں کے
مختلف پرزہ جات کے نام اور ان کے کام سے آگاہی دی جاتی ہے۔ اس کے بعد سیکھنے والوں کو جدید
سیمولیٹر پر پریکٹس کروائی جاتی ہے تاکہ وہ بغیر کسی خطرے کے گاڑی چلانے کا عملی
تجربہ حاصل کر سکیں۔ سیمولیٹر کے ذریعے ڈرائیونگ کی مختلف صورتحال سے نمٹنے کی مشق
کروائی جاتی ہے۔ اس مرحلے کے بعد باقاعدہ پریکٹیکل ڈرائیونگ کروائی جاتی ہے جہاں
انسٹرکٹر کی نگرانی میں سڑک پر گاڑی چلانے کی تربیت دی جاتی ہے۔ اس مرحلہ وار
تربیتی نظام سے سیکھنے والوں کی مہارت اور اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
خواتین کے لئے بااعتماد ادارہ:
یہاں خواتین سیکھنے آتی ہیں اور یہ ادارہ ان کے لیے
محفوظ اور بااعتماد ہے۔ اس ادارے میں خواتین کو ایسا ماحول فراہم کیا جاتا ہے جہاں
وہ بغیر کسی خوف یا دباؤ کے اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکتی ہیں۔ تربیت یافتہ عملہ،
منظم نظام اور اخلاقی اقدار کی پاسداری خواتین کے اعتماد کو مزید مضبوط بناتی ہے۔
یہاں نہ صرف پیشہ ورانہ مہارتیں سکھائی جاتی ہیں بلکہ خواتین کے وقار، تحفظ اور
خود اعتمادی کو بھی خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین اطمینان کے ساتھ
اس ادارے کا رخ کرتی ہیں اور اسے ایک محفوظ اور قابلِ اعتماد تعلیمی مرکز سمجھتی
ہیں۔
خواتین کے لیے فیمیل انسٹرکٹر مقرر ہیں تاکہ انہیں
سیکھنے کے دوران مکمل اطمینان اور اعتماد حاصل ہو۔ فیمیل
انسٹرکٹرز نہایت خوش اخلاق، تربیت یافتہ اور پیشہ ور ہوتی ہیں جو خواتین کی
ضروریات اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیت فراہم کرتی ہیں۔ اس انتظام سے خواتین
بلا جھجھک سوالات کر سکتی ہیں اور عملی تربیت میں بھرپور حصہ لیتی ہیں۔ فیمیل
انسٹرکٹرز کی موجودگی ایک محفوظ اور دوستانہ ماحول کو یقینی بناتی ہے، جس سے
خواتین میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے اور وہ بہتر انداز میں سیکھنے کے قابل بنتی
ہیں۔
کورس کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے افراد کو
باقاعدہ سرٹیفیکیٹ جاری کیا جاتا ہے جو ان کی مہارت اور تربیت کا ثبوت ہوتا ہے۔ اس
کے ساتھ ساتھ قواعد و ضوابط کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیا جاتا ہے، جس سے
سیکھنے والوں کو قانونی طور پر گاڑی چلانے کی اجازت ملتی ہے۔ یہ اقدام نہ صرف
سیکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے بلکہ ذمہ دار اور قانون کی پاسداری کرنے
والے ڈرائیورز کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس طرح یہ ادارہ محفوظ
ٹریفک نظام کے فروغ میں مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
مختصراً، پولیس ڈرائیونگ سکول مردان ایک ایسا ادارہ ہے
جو محفوظ ٹریفک نظام کے قیام، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ذمہ دار معاشرے کی
تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ ادارہ نہ صرف ڈرائیونگ کی تربیت فراہم
کرتا ہے بلکہ قانون کی پاسداری اور شہری شعور کو فروغ دینے میں بھی اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
.png)
0 Comments