Ad Code

Responsive Advertisement

روزہ کے مسائل

 

روزہ کے مسائل


*روزے کی حالت میں انجیکشن اور ڈرپ لگانا

:سوال

کیا انجکشن یا ڈرپ لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟

:جواب

روزے کی حالت میں انجکشن لگوانا جائز ہے، خواہ رگ میں لگوایا جائے یا گوشت میں؛  کیوں کہ انجکشن کے ذریعہ جو دوا بدن میں پہنچائی جاتی ہے وہ اصلی راستوں (Opening)سے نہیں، بلکہ رگوں یا مسامات کے ذریعہ بدن  میں  جاتی ہے، جب کہ روزہ فاسد ہونے کے لیے ضروری ہے کے بدن کے اصلی راستوں سے کوئی چیز معدے یا دماغ تک پہنچے اور انجکشن میں ایسا نہیں ہوتا، لہٰذا آپ  دوران روزہ انجکشن لگواسکتے ہیں۔ یہی حکم ڈرپ کا بھی ہے، یعنی روزے کی حالت میں ڈرپ لگانے سے روزہ فاسد نہیں ہوتا۔

البتہ بلا ضرورت روزے کا احساس نہ ہونے کے لیے طاقت کا انجکشن یا ڈرپ لگانا مکروہ ہے۔

فتاوی شامی میں ہے:

"قَالَ فِي النَّهْرِ:؛ لِأَنَّ الْمَوْجُودَ فِي حَلْقِهِ أَثَرٌ دَاخِلٌ مِنْ الْمَسَامِّ الَّذِي هُوَ خَلَلُ الْبَدَنِ وَالْمُفْطِرُ إنَّمَا هُوَ الدَّاخِلُ مِنْ الْمَنَافِذِلِلِاتِّفَاقِ عَلَى أَنَّ مَنْ اغْتَسَلَ فِي مَاءٍ فَوَجَدَ بَرْدَهُ فِي بَاطِنِهِ أَنَّهُ لَايُفْطِرُ". ( ٢ / ٣٩٥) فقط والله أعلم

ماخذ :دار الافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن

فتوی نمبر :144109200388

.................................

رمضان کےہر عشرہ کی الگ دعا کا حکم*

سوال:

رمضان کے مہینے میں جو ہر عشرے کی دعا ہوتی ہے جیسے پہلے عشرہ رحمت کا تو اس کی دعا، دوسرا عشرہ مغفرت کا اس کی دعا اور تیسرا عشرہ جہنم سے خلاصی کا اس کی دعا، تو ان عشروں کی مستند دعائیں جو حدیث سے ثابت ہیں وہ بتادیں.

جواب:

مضان المبار ک کا پورا مہینہ قبولیت دعا کے خاص مواقع میں سے ہے اس لیئے اس میں دعاؤوں کا خوب اہتمام ہونا چاہیئے البتہ کسی مخصوص عشرہ سے متعلق کسی مخصوص دعا کا کسی حدٰیث سے ثبوت نہیں ہے، حدیث میں اتنا ضرور ہے کہ چار چیزوں کی اس مہینہ میں کثرت رکھا کرو، جن میں سے دو چیزیں اللہ کی رضاء کے واسطے اور دو ایسی ہیں کہ جن سے تمہیں چارہ کار نہیں، پہلی دو چیزیں جن سے تم اپنے رب کو راضی کرو وہ کلمہ طیبہ اور استغفار کی کثرت ہے اور دوسری دو چیزیں یہ ہیں جنت کی طلب اور جہنم سے پناہ  ، اس کے لیئے لاالہ الا اللہ استغفراللہ اسئلک الجنۃ واعوذبک من النار کے الفاظ منقول ہیں ( بیھقی، صحیح ابن خزیمہ وغیرہ)اس لیئے اس دعا کے اہتمام کے ساتھ اللہ سے اس کی رحمت، مغفرت، سلامتی ایمان وبدن ،فلاح دارین نیز ہر طرح کی خیر کا سوال بکثرت کرنا چاہیئے۔بعض بزرگوں سے پہلے عشرہ میں  رب اغفر وارحم وانت خیر الراحمین، دوسرے میں استغفر اللہ ربی من کل ذنب واتوب الیہ، اور تیسرے میں اللھم انک عفو تحب العفو فاعف عنا  کا اہتمام منقول ہے، یہ آ خری دعا احادیث میں بھی طاق راتوں میں مانگنے کی ترغیب وارد ہے۔ واللہ اعلم 

فتوی نمبر

143607200035

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

*روزہ کی حالت میں منہ بھر کر قے کرنے سے روزہ کا حکم* 

سوال:

کیا منہ بھر کے قے کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟

جواب:

اگر کسی شخص کو روزے کی حالت میں قے (اُلٹی) ہو جائے تو اس کی چند صورتیں ہو سکتی ہیں:

1۔ قے خود بخود ہوئی اور منہ بھر کر نہیں تھی، بلکہ کم تھی تو اس کا حکم یہ ہے کہ اس سے روزہ فاسد نہیں ہو گا۔

2۔ قے خود بخود ہوئی اور منہ بھر کر ہوئی، اس کا حکم بھی یہ ہے کہ اس سے روزہ فاسد نہیں ہو گا۔

3۔ قے خود بخود نہیں ہوئی، بلکہ قصداً قے کی اور منہ بھر کر نہیں کی تو اس سے بھی روزہ فاسد نہیں ہو گا۔

4۔ قے خود بخود نہیں ہوئی، بلکہ قصداً قے کی اور منہ بھر کر کی تو اس صورت میں روزہ فاسد ہو جائے گا۔

5۔ قے منہ بھر کر ہوئی اور ساری قے یا اس میں سے چنے کے برابر مقدار یا اس سے زائد کو روزہ یاد ہوتے ہوئے خود جان بوجھ کر اپنے اختیار سے اندر اتار دیا تو اس سے روزہ فاسد ہو جا ئے گا۔ فقط واللہ اعلم

فتوی نمبر : 144008201258

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

*روزے کی حالت میں منہ میں مچھر یا مکھی وغیرہ چلے جانے کا حکم*

سوال:

روزے کےحالت میں مچھر منہ میں چلاجائے تو روزہ جاتا رہا یا نہیں؟

جواب:

روزہ کی حالت میں اگر خود بخود بلا اختیار کے مچھر منہ کے اندر جاکر حلق سے اتر جائے تب بھی روزہ نہیں ٹوٹے گا، البتہ اگر کوئی قصدا ایسا کرے تو اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا، قضا لازم ہوگی لیکن کفارہ لازم نہیں ہوگا۔ یہی حکم مکھی اور دیگر حشرات الارض کا بھی ہے۔ فقط واللہ اعلم

فتوی نمبر : 144109202816

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن.

Islamic scholar Lubna Shah:

Email#Shahazizece@gmail.com

Post a Comment

0 Comments

Close Menu